شوبزستاروں کاشہید ونگ کمانڈرنعمان اکرم کوخراج تحسین
اسلام آباد میں گزشتہ روز طیارہ حادثے میں جام شہادت نوش کرنے والےونگ کمانڈر کو ہر شعبے سے وابستہ افراد خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستانی شوبز ستاروں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئےشہید پائلٹ کے بلند درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعائیں کی ہیں۔
شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شہیدنعمان اکرم کو خراج عقیدت پیش کیا۔
حال ہی میں شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرنے والےاداکار فیروز خان نے بھی شہید پائلٹ کی مغفرت کی دعا کی۔
پاکستان کے مایہ ناز گلوکارو اداکارعلی ظفر نے شہید پائلٹ ونگ کمانڈرنعمان اکرم کو قوم کا ’اصل ہیرو‘ قرار دے دیا۔
پاکستان شوبز کی اداکارہ ومیزبان وینا ملک نے شہید کی خدمات کو سراہتے ہوئے اور لکھا کہ ’وِنگ کمانڈر نعمان اکرم(شہید) چاہتے تو طیارے سے نکل کر اپنی جان بچا سکتے تھے لیکن انہوں نے پاکستانی شہریوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔‘
وینا نےشہید پائلٹ کی جرات کو سراہتے ہوئے مزید لکھا کہ اگر نعمان اکرم پیراشوٹ کے ذریعے نکل جاتے تو طیارہ آبپارہ مارکیٹ، سیرینا ہوٹل پاک چائینہ فرینڈ شپ سینٹر پر گِرتا تو کافی جانی نقصان ہوتا۔‘
شہید ونگ کمانڈر کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اداکار فیصل قریشی نےانہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ ایف 16 طیارہ حادثے میں شہید ہو نے والےونگ کمانڈر نعمان اکرم بریگیڈئر اکرم خان کے صاحبزادے تھے۔
خیال رہے کہ پاک فضائیہ کے قابل ترین وِنگ کمانڈر اسکوارڈن نعمان اکرم نے سال 2019 میں پاک فضائیہ کے نشانے بازی کے مقابلوں میں شیرافگن ٹرافی جیتی تھی۔
106ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے پاس آؤٹ ہونے والے قابل، تجربہ کار اور دلیر ونگ کمانڈر نعمان اکرم کا تعلق سرگودھا میں تعینات نائن اسکوارڈن سے تھا۔

0 Comments